6 سالہ بچے کی سالانہ آمدنی ایک ارب روپے سے زیادہ

بچوں کو کھلونوں سے محبت تو ہوتی ہے مگر ایسے کتنے ننھے فرشتے ہوں گے جو صرف ان سے کھیل کر کروڑوں روپے کما سکیں؟

کم از کم چھ سالہ ریان جیسا تو کوئی نہیں، جو بس کھلونوں سے کھیل کر سالانہ گیارہ ملین ڈالرز (ایک ارب اٹھارہ کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کما لیتا ہے۔

جی ہاں واقعی امریکا سے تعلق رکھنے والے اس بچے کو فوربس نے 2017 میں یوٹیوب کے سب سے زیادہ کمانے والے اسٹارز کی فہرست میں شامل کیا ہے جو کہ کھلونوں اور ٹافیوں وغیرہ کا ریویو کرکے اتنا کماتا ہے۔

فوربس کے مطابق یہ بچہ ہر سال گیارہ ملین ڈالرز سے زائد کما لیتا ہے اور یہ امیر ترین یوٹیوب اسٹارز کی فہرست میں 8 ویں نمبر پر ہے۔

ریان کی عمر چار سال تھی جب اس نے اپنا یوٹیوب چینیل ریان ٹوائز ریویو کو اپنے گھروالوں کی مدد سے قائم کیا۔

اس چینیل میں ریان کی متعدد ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں جن میں وہ بچوں کے نئے کھلونوں پر اپنی رائے دیتا ہے۔

اس چینیل میں جو وضاحت لکھی ہے، اس کے مطابق ریان کو کھلونوں سے محبت ہے اور وہ کھلونوں کا ریویو ایک بچے کی حیثیت سے بچوں کے لیے کرتا ہے۔

جس ویڈیو نے اسے یوٹیوب اسٹار بنایا، وہ ڈزنی پکسار کی کار سیریز کے سو کھلونوں کا ریویو تھا جسے اب تک 80 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

اس بچے کے یوٹیوب چینیل کے سبسکرائبر ایک کروڑ سے زائد ہیں اور اس معاملے میں وہ کئی بڑے یوٹیوب اسٹارز سے آگے ہے۔

اور ہاں اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا بھی حصہ بنایا جاچکا ہے جس کی وجہ 2000 کے بعد پیدا ہونے والے افراد میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا یوٹیوب چینیل اسے یہ اعزاز دلانے میں مددگار ثابت ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے