گنج پن سے تحفظ دینے والے قدرتی طریقے

کیا کنگھی کرتے ہوئے آپ کے بال عام معمول سے زیادہ نکل رہے ہیں؟ تو آپ تنہا نہیں، درحقیقت دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو عمر بڑھنے پر گنج پن کا سامنا ہوتا ہے۔

اب اس کی وجہ کچھ بھی ہوسکتی ہے جیسے ذیابیطس، وٹامن کی کمی، تناﺅ، نیند کی کمی یا دیگر امراض مگر ایسا ہوتا ضرور ہے۔

یقیناً گنج پن کی جانب بڑھنا کس کو پسند ہوسکتا ہے مگر کچھ چیزوں کے ذریعے آپ اسے روک سکتے ہیں۔

تو اگر آپ کو بھی اس مسئلے کا سامنا ہے تو درج ذیل عادتوں کو اپنالیں۔

لہسن

لہسن آپ کے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو ختم کرسکتا ہے جس کی وجہ اس میں شامل ایک جز الیسین کی بھرپور مقدار ہے، یہ سلفر کمپاﺅنڈ پیاز میں بھی پایا جاتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق بالوں کے گرنے کی روک تھام کے لیے موثر ہے۔ لہسن کو کاٹ لیں اور اس کی پوتھیوں کو سر پر ملیں۔ آپ تیل میں بھی لہسن کو شامل کرکے مساج کے ذریعے یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

پروٹین کا خیال رکھیں

بال پروٹین سے بنتے ہیں اور اگر آپ کی غذا میں اس کی کمی ہو تو جسم کو سر کے بالوں کو برقرار رکھنے میں جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ناشتے میں انڈے، دوپہر اور رات کو کھانے میں مچھلی اور سرخ گوشت کا استعمال اتنا مشکل بھی نہیں، تاہم اگر گوشت پسند نہیں تو دالوں اور چنوں وغیرہ کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، جو پروٹین سے بھرپور ہوتی ہیں۔

تناﺅ کو دور کریں

تناﺅ گھنے اور صحت مند بالوں کا دشمن ہوتا ہے، جس سے بچنے کے لیے مراقبہ، یوگا، چہل قدمی، ہنسنا ہسانا اور دیگر ہلکے پھلکے مشغلوں کا سہارا لیا جاسکتا ہے، جس کے نتیجے میں گنج پن کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

مناسب نیند

کبھی بھی مناسب نیند کی اہمیت کو نظرانداز نہ کریں، ہمارا جسم اُس وقت درست طریقے سے کام کرتا ہے جب رات کو 7 سے 8 گھنٹے کی نیند لی جائے، اس سے تمام جسمانی نظام ری چارج ہوجاتے ہیں جن میں بال بھی شامل ہیں، جب کوئی شخص نیند کی کمی کا شکار ہوتا ہے تو اس کے بال تیزی سے گرنا شروع ہوسکتے ہیں۔

بالوں کی غذا

ہر ممکن حد تک صحت بخش غذا استعمال کریں اور جنک فوڈ کو کم از کم اپنی غذا کا حصہ بنائیں، پراسیس (ڈبہ بند) غذائیں درحقیقت چینی اور نقصان دہ فیٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو جسم کے ساتھ بالوں پر بھی منفی اثرانداز ہوتی ہیں۔

مالش

گزشتہ سال ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ 24 ہفتوں تک روزانہ چار منٹ تک سر کی مالش بالوں کے گھنے پن میں اضافہ کرتی ہے، دراصل ایسا کرنے سے سر میں دوران خون بڑھ جاتا ہے جو بالوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

ناریل کا تیل

یہ تو ہر کوئی جانتا ہے کہ ناریل کے تیل کا استعمال آپ کے بالوں کو ٹوٹنے سے بچاتا ہے اور انہیں لمبا اور گہرا رکھنے میں مدد دیتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ناریل کا تیل اور لیموں کا جوس ملا کر لگانے سے آپ اپنے بالوں کو لمبے عرصے تک سفید ہونے سے بھی روک سکتے ہیں۔

بالوں پر رحم کریں

یہ عام فہم کی بات ہے، گرم پانی سے سر دھونے سے گریز کریں، گرم ڈرائیر کو بھی بالوں سے دور رکھیں، ضرورت سے زیادہ کنگھا یا برش نہ کریں، معیاری شیمپو، کنڈیشنر اور دیگر مصنوعات کا استعمال کریں جبکہ جیل وغیرہ لگانے کی صورت میں بالوں کو لازمی وقفہ دیں۔

بالوں کی تراش خراش

ہر مہینے یا چھ ہفتوں کے دوران بالوں کو تراشنا ایک اچھا خیال ہے جس سے بالوں کے 2 منہ ہونے کے مسئلے سے بچا جاسکتا ہے۔

انتظار مت کریں

اُس وقت تک انتظار مت کریں جب بالوں میں گنج پن کے آثا نمایاں ہونے لگیں، اوپر درج مشورے مردوں کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں جن سے وہ بالوں کو صحت مند اور گھنا کرسکتے ہیں۔

You May Also Like

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے