کینیڈین ارب پتی شخص, اہلیہ سمیت پراسرار طور پر قتل

معروف دوا ساز کینیڈین کمپنی ’اپوٹیکس‘ کے ارب پتی مالک بیری شرمین اور ان کی اہلیہ ہنی کو پراسرار طور پر قتل کردیا گیا۔

کینیڈا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے شخص اور ان کی اہلیہ کے قتل پر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور ٹورنٹو کے میئر سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

ارب پتی بیری شرمین اور ان کی اہلیہ ٹورنٹو کے عالیشان بنگلے میں اکیلے رہتے تھے، اور وہ 15 دسمبر کو اپنے گھر کے صحن میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

بیری شرمین نہ صرف کینیڈا کے امیر ترین افراد میں سے ایک تھے، بلکہ انہیں سماجی خدمات کے حوالےسے بھی اہم حیثیت حاصل تھی، انہیں انسان دوست سمجھا جاتا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے اونٹاریو کے وزیر صحت ایرک ہوسکن کے حوالے سے خبر میں بتایا کہ 75 سالہ ارب پتی بیری شرمین اور ان کی اہلیہ ہیری کو پراسرر طور پر ہلاک کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پولیس کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے ٹورنٹو کے ایک عالیشان گھر سے 2 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا، مگر پولیس نے اس حوالے سے کچھ بھی بتانے سے گریز کیا۔

تاہم تحقیقات کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ مردہ حالت میں پائے گئے ارب پتی فارماسسٹ بیری شرمین اور ان کی اہلیہ ہنی ہیں، جو گھر میں اکیلے رہتے تھے۔

اونٹاریو کے وزیر صحت ایرک ہوسکن نے ارب پتی فارماسسٹ کے گھر کے باہر میڈیا کو بتایا کہ بیری شرمین اور ان کی اہلیہ کے قتل کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، تاہم تفتیشی ادارے واقعے کو ایک قتل کے طور پر دیکھ رہے ہیں، اور اس کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

دوسری جانب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹوئٹر پر ان کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے لیے دعا بھی کی۔

ارب پتی فارماسسٹ کی کمپنی کی جانب سے اعلامیے کے مطابق بیری شرمین اور ان کی اہلیہ جس گھر میں مردہ پائے گئے، اس گھر کو فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

کمپنی کے مطابق اس گھر کو 50 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز میں فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بیری شرمین نے 1974 میں محض 2 ملازمین کے ساتھ’اپوٹیکس‘ نامی دوا ساز کمپنی کی شروعات کی تھی، جو اس وقت دنیا کے 115 ممالک کو اپنی دوائیاں ترسیل کرتی ہے۔

’اپوٹیکس‘ کا شمار دنیا کی 7 بڑی جینرک دوا ساز کمپنیوں میں ہوتا ہے، اس وقت کمپنی کے ملازمین کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔

اس کمپنی کے 6 ہزار ملازمین کینیڈا جب کہ قریبا 5 ہزار ملازمین دنیا کے دیگر ممالک میں کام کرتے ہیں۔

بیری شرمین کو کینیڈا کا 15 واں امیر ترین شخص سمجھا جاتا تھا، ان کے اثاثوں کی مالیت 3 کھرب 65 ارب امریکی ڈالرز سے زیادہ ہے۔

ایک اندازے کے مطابق بیری شرمین امدادی سرگرمیوں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے سالانہ 50 کروڑ کینیڈین ڈالرز کے فنڈز مہیا کرتے تھے۔

بیری شرمین کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو انتخابات کے دوران سب سے زیادہ فنڈز دینے والے افراد میں سے بھی ایک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے