’(ن) لیگ مارشل لاء لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) ملک میں مارشل لاء لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے لیکن ان کے خیال میں اس کا امکان نہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ ’وفاقی حکومت نااہل وزیر اعظم کو بچانے میں مصروف ہے جبکہ نواز شریف بیرون ملک اثاثوں کو بچانے کے لیے تصادم کی راہ پر چل رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف اداروں پر حملوں کے لیے اپنی جماعت کو استعمال کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) ملک میں مارشل لاء لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے، لیکن میرے خیال میں مارشل لاء لگنے کی کوئی نشانیاں نہیں۔‘

فاٹا کے انضمام کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ’وفاقی حکومت فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی راہ میں جان بوجھ کر رکاوٹ حائل کر رہی ہے جبکہ فاٹا کے انضمام کے فیصلے کو محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمٰن کی وجہ سے واپس لیا گیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’فاٹا کو بغیر کسی حکومتی نظام کے چلایا جارہا ہے بالخصوص وزیرستان میں کوئی حکومتی نظام نہیں، اس لیے وفاق کے پاس فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔‘

انہوں نے فاٹا سیکریٹریٹ کو کرپشن کا اڈا قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انضام کے عمل کو مزید طول نہ دے۔

نیوز کانفرنس میں حکومت کی جانب سے پشاور پریس کلب کے لیے فنڈز جاری نہ کرنے پر صحافیوں نے احتجاج کیا، جس پر عمران خان نے فوری طور پر معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

You May Also Like

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے