مصری کھلاڑی اپنی فتح کا جشن منا رہے ہیں—

محمد صالح کے دو گولوں کی بدولت مصر نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے کانگو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر 28 سال بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

اسکندریہ میں 30 ہزار گنجائش کے حامل برج العرب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مقررہ وقت تک مصر اور کانگو کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا اور 90 منٹ کی تکمیل پر چار منٹ کا انجری ٹائم دیا گیا۔

لیورپول کیلئے کھیلنے والے محمد صالح نے خود کو اسٹار ثابت کرتے ہوئے نے میچ کے 63ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن 86ویں منٹ میں کانگو کے متبادل کھلاڑی آرنلڈ باؤکا نے شاندار والی سے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔

میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل انجری ٹائم میں محمد صالح نے پینالٹی پر گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں 2-1 سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ 28سال بعد ورلڈ کپ میں بھی رسائی دلا دی۔

مصر کی ٹیم نے آخری مرتبہ 1990 میں ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا اور اب 2018 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

سات مرتبہ کی افریقی چیمپیئن اور براعظم کی سب سے کامیاب ٹیم مصر اس وقت افریقن کوالیفائنگ میں گروپ ای میں پہلے نمبر پر موجود ہے جہاں ابھی اس کا ایک میچ باقی ہے۔

ادھر پولینڈ نے بھی آئندہ سال روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

یورپ زون گروپ ای میں کھیلے گئے میچ میں پولینڈ نے مونٹی نیگرو کو 4-2 سے شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔

پولینڈ یورپ زون سے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے والی چھٹی جبکہ مجموعی طور پر 14 ویں ٹیم ہے۔

دوسری جانب لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹینا ایکواڈور پہنچ گئی اور اگر ایکواڈور کے خلاف ارجنٹینا کو شکست ہوئی تو 48 سال بعد ارجنٹینا کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہوجائے گی۔

You May Also Like

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے