راولپنڈی: مقامی اخبار کے صحافی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی: پولیس نے حساس علاقے بینک روڈ پر مقامی اخبار کے صحافی انجم منیب راجہ کے قتل میں ملوث ملزم قیصر رحمٰن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم قیصر رحمٰن مقتول کے ساتھ دسمبر 2017 میں اسی اخبار میں بطور پیج میکر کام کرتا تھا اور قتل سے قبل مکمل تعاقب کرکے اس نے 2 مارچ کو نوجوان صحافی کو چھ گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم اور مقتول کی آپس میں ذاتی رنجش چلی آرہی تھی جس وجہ سے قتل کیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز محمد بن اشرف نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2 مارچ کی رات صحافی انجم منیب کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ دفتر سے چھٹی کرکے گھر جا رہے تھے۔

ایس ایس پی محمد بن اشرف کا کہنا تھا کہ ’یہ اندھا قتل تھا جسے ٹریک کرنا بہت مشکل عمل تھا تاہم سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) پوٹھار ڈویژن سید محمد علی اور ان کی ٹیم نے دن رات کی محنت کر کے ٹیکنیکل بنیادوں پر تفتیش کی اور ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی‘۔

ایس پی پوٹھار ڈویژن سید محمد علی نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم قیصر رحمٰن علی پور کے علاقے فراش ٹاؤن کا رہائشی ہے اور گزشتہ سال دسمبر سے مقتول صحافی کے ساتھ ایک ہی دفتر میں کام کر رہا تھا۔

ایس پی نے مزید بتایا کہ دونوں کے مابین ذاتی رنجش چلی آ رہی تھی، قاتل کو گرفتار کرکے اس سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ اسلحہ فروخت کرنے والے ایک شخص کو بھی گرفتار کیا جائے گا جس سے ملزم نے پستول خریدا تھا۔

ایس ایس پی آپریشن محمد بن اشرف کا کہنا تھا کہ صدر میں معروف ہوٹل کے بالمقابل خالی سڑک دیکھ کر ملزم نے صحافی انجم منیب کو قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم موٹرسائیکل پر اکیلا ہی مقتول کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوا تھا تاہم سی سی ٹی وی ریکارڈنگ سمیت دیگر بنیادوں پر ملزم کو گرفتار کرنے میں سول لائنز پولیس کامیاب ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے